News4

آندھرا پردیش اسمبلی سے تلگودیشم کے ارکان معطل

حیدرآباد 7 فروری (یواین آئی) آندھراپردیش اسمبلی سے اپوزیشن تلگودیشم کے ارکان کو آج بھی معطل کردیاگیا۔ ایوان کی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی اسپیکر سیتارام نے کسانوں کے مسائل پر تلگودیشم ارکان کی جانب سے پیش کردہ تحریک التوا کو مسترد کر دیا جس پر تلگودیشم ارکان نے مباحث کامطالبہ کرتے ہوئے ایوان میں احتجاج شروع کردیا۔ ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی کی صورتحال پیدا ہوگئی، اسپیکر نے تلگودیشم کے ارکان کو معطل کردیا۔معطلی کے باوجود تلگو دیشم ارکان اسمبلی نے ایوان سے باہر جانے سے انکار کردیااور کسانوں کے حق میں نعرے بازی شروع کردی۔
انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں سے جھوٹ بولنے والی جگن حکومت کو ختم ہو جانا چاہیے ۔
تلگودیشم ارکان نے اسپیکر کے پوڈیم کا گھیراؤ کیا اور نعرے بازی کی۔ پلے کارڈز اٹھائے ہوئے ، انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کسانوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے ۔معطل شدہ ارکان میں بی اشوک،اچن نائیڈو،بالاکرشنا،بچیا چودھری،این چناراجپا،جی وینکٹ ریڈی، رام کرشن بابو، رامانائیڈو،راما راجہ اور انجنی سوامی شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *