News4

الیکشن 2024 پاکستان: پولنگ کی مکمل کوریج اور معلومات – لائیو

عام انتخابات 2024 کے لئے ملک بھر میں پولنگ کا  سلسلہ جاری ہے، جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عام انتخابات کا آج انعقاد کیا جارہا ہے، قومی اسمبلی کی دو سو پینسٹھ اور صوبائی اسمبلیوں کی پانچ سو نوے نشستوں پر مقابلہ ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز ، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، متحدہ قومی موومنٹ- پاکستان ، جماعت اسلامی (جے آئی)، جمعیت علمائے اسلام فضل (جے یو آئی ف)، تحریک لبیک پاکستان اور آزاد امیدواروں کی تعداد میدان میں ہیں۔

ملک میں پہلی بار سترہ ہزار آٹھ سو سولہ امیدوار میدان میں ہیں اور رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد بارہ کروڑ پچاسی لاکھ پچاسی ہزار سات سو ساٹھ ہے۔

ملک بھر میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ، امن وامان قائم رکھنے ، ممکنہ خطرات سےنمٹنے کیلئےحفاظتی اقدامات ناگزیرہیں۔

موبائل فون سروس متاثر

ملک کے مختلف شہروں میں موبائل نیٹ ورکس متاثر ہونے کی شکایت موصول ہورہی ہے، مختلف شہروں میں موبائل نیٹ ورک جزوی طور پر معطل ہوگئیں اور سگنلزغائب ہیں

ملک بھرمیں الیکشن کمیشن کی 8300 ایس ایم ایس سروس بھی متاثر ہیں، جس کے باعث الیکشن کے دن شہری 8300 کی سروس سےمحروم ہیں اور شہری پولنگ اسٹیشن کی معلومات حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔

ملک بھر میں پولنگ کا آغاز

عام انتخابات 2024 کے لئے ملک بھر میں پولنگ کا وقت شروع ہوگیا، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ شام 5 بجے تک بغیرکسی وقفے کےجاری رہے گی۔

ووٹ ڈالنے کیلئے اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا جبکہ زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ کاسٹ کیا جاسکے گا، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر ہوگا تاہم پولنگ اسٹیشنز میں موبائل فون،کیمرہ،ہینڈ بیگ لے جانے پرپابندی ہوگی۔

ووٹرز آزادی سے ووٹ ڈالیں، چیف الیکشن کمشنر

8:16 : چیف الیکشن کمشنر الیکشن کمیشن سکندرسلطان راجہ پہنچے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی سمیت الیکشن کمیشن کے تمام انتظامات مکمل ہیں، الیکشن مکمل طورپرشفاف ہوں گے، ووٹرز آزادی سےووٹ ڈالیں، قومی فریضے میں سب کوحصہ ڈالنا چاہیے۔

الیکشن مینجمنٹ سسٹم کاانٹرنیٹ پردارومدارنہیں ، امید ہے انتخابات کا عمل بخیرو عافیت مکمل ہوگا۔

الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دےگا، ہم کہیں موبائل سروس کھولیں اوردہشتگردی کاواقعہ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا۔

  این اے128 میں شہبازشریف نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا

8:26 : این اے128 میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ووٹ ڈالنے پہنچ گئے اور اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی حکومت آئےجومحبت ویگانگت ،خیرسگالی جذبات کےپھول نچھاورکرے، سیکیورٹی انتظامات بہت مناسب ہیں۔

عوام کے ہاتھ میں پاکستان کی تقدیر ہے، اللہ نےموقع دیا تو مل کر پاکستان کو بنائیں گے، پاکستان کی ترقی کیلئے ووٹ ڈالیں گے تو ملک کی تقدیر بدلے گی۔

پشاور میں صدر کے خواتین پولنگ اسٹیشن کاعملہ غائب

8.26: پشاور میں صدر کے خواتین پولنگ اسٹیشن کاعملہ غائب ہیں اور پولنگ شروع نہ ہوسکی ، ووٹرز ووٹ ڈالنے کیلئے موجود ہے تاہم انتخابی عمل تاخیر کا شکار ہے۔

چمن کے بیشتر پولنگ اسٹیشنر کا عملہ غائب

8:29 : ضلع چمن کے بیشتر پولنگ اسٹیشنرکاعملہ غائب ہیں، جس کے باعث پولنگ تاخیرکاشکار ہے ، پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے موجود ہیں۔

سابق قومی کرکٹرعمرگل نے ووٹ کاسٹ کردیا

8.32 : سابق قومی کرکٹرعمرگل نے نواں کلے میں ووٹ کاسٹ کردیا اور عوام سے اپیل کی کہ خوشحال پاکستان کیلئےعوامی نمائندوں کاانتخاب کریں۔

کراچی : این اے 248 کے پولنگ اسٹیشن نمبر196 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی

8:34 : کراچی میں این اے 248 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 196میں پولنگ شروع نہ ہوسکی ، پولنگ ایجنٹس کی عدم موجودگی کے باعث پولنگ تاخیر کا شکار ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ : این اے 106 کے 2پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ تاخیر کا شکار

8.34: ٹوبہ ٹیک سنگھ میں این اے 106 کے 2پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ تاخیر کا شکار ہے ، پولنگ عملے نے میڈیا کی موجودگی میں سامان سیل کردیا۔

بہاولپور کے بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا تاخیر سے آغاز

8:43 : بہاولپور کے بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا تاخیر سے آغاز ہوا ، جس کے باعث ووٹرز کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

آصفہ بھٹو نے ووٹ کاسٹ کردیا

8:44 : نواب شاہ میں رہنما پی پی آصفہ بھٹو نے ووٹ کاسٹ کردیا اور کہا عوام تیر پر مہر لگا کر کامیاب بنائیں۔

بونیر: سرد موسم کے باعث مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار

8:46 :بونیرمیں پولنگ اسٹیشن نمبر 109 گرلزڈگری کالج ڈگرمیں پولنگ ایجنٹ اور ووٹرنہیں پہنچے ، سرد موسم کے باعث مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے۔

ٹنڈو محمد خان :پی ایس 67 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 274 میں پولنگ تاخیر کا شکار

8:47 ٹنڈو محمد خان کے پی ایس 67 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 274 میں پولنگ تاخیر کا شکار ہے ، پولنگ ایجنٹس کی عدم موجودگی کے باعث پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

کراچی این اے250:پولنگ اسٹیشن نمبر 262 سے 265 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی

8:50 :کراچی کے این اے250 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 262 سے 265 میں پریزائیڈنگ افسر نہیں پہنچ سکے اور پولنگ شروع نہ ہوسکی ، جس کے باعث پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی لمبی قطاریں ہیں۔

کراچی این اے 246 اورنگی ٹاؤن میں بھی پولنگ اسٹیشن نمبر77میں ووٹنگ شروع نہ ہوسکی ، اورنگی ٹاؤن سپرگرامراسکول پولنگ اسٹیشن نمبر77میں نہ عملہ پہنچا نہ ہی سامان۔

سوات: بالائی علاقوں میں کئی پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ تاخیر کا شکار

8:59 : سوات کے بالائی علاقوں میں کئی پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ تاخیرکاشکار ہے، گبرال اور مٹلتان کے پولنگ اسٹیشنزپرعملہ بروقت نہ پہنچ سکا۔

کراچی این اے 232 ملیر اور این اے238 کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پولنگ شروع نہ ہوسکی

8:59 : کراچی کے این اے 232 ملیر میں پولنگ اسٹیشن نمبر247 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی ، بیلٹ باکس سیل نہ ہونے کے باعث پولنگ شروع نہ ہوسکی، پولنگ ایجنٹس نہ ہونے کی وجہ سے بیلٹ باکس سیل نہ ہوسکے۔

کراچی کے این اے238 پولنگ اسٹیشن جوفل ہرسٹ اسکول میں پولنگ شروع نہ ہوسکی، پولنگ اسٹیشن بند ہونےکےباعث انتخابی عمل شروع نہ ہوسکا۔

شرقپورشریف کے این اے 114 میں پی پی 140 میں پولنگ سست روی کا شکار

8:59 : شرقپورشریف کے این اے 114 میں پی پی 140 میں پولنگ سست روی کا شکار ہے، پولنگ اسٹیشن نمبر 104 میں پہلا ووٹ 8:48 پر کاسٹ ہوا۔

مریم اورنگزیب نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا

9:05 : این 51 مری میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

ژوب: مختلف پولنگ اسٹیشنز میں ووٹنگ کا عمل تاخیر کا شکار

9:07 : ژوب کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے ، جس کے باعث ووٹرز کو پریشانی کا سامنا ہے۔

کراچی : این اے 248 میں پولنگ اسٹیشن نمبر196میں پولنگ شروع نہ ہوسکی

9.14 : کراچی کے این اے 248 میں کمپری ہنسیواسکول پولنگ اسٹیشن نمبر196میں پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

دنیا پور میں پولنگ بوتھ 104،103 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی

9.15 : دنیا پور میں پولنگ بوتھ 104،103 میں مہر نہ ہونے کے باعث پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

ٹانک: کوٹ اعظم میں پولنگ عملے پر فائرنگ، سیکیورٹی اہلکارشہید

9.15 : ٹانک میں کوٹ اعظم میں پولنگ عملے پر فائرنگ کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکارشہید ہوگیا ، جس کے باعث فائرنگ کے بعد پولنگ روک دی گئی۔

ٹانک کے مختلف پولنگ اسٹیشنر پر عملہ اورسامان کی ترسیل نہ ہوسکی ، عملے اور سامان کی ترسیل نہ ہونے کے باعث پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

کراچی : این اے250 بفرزون میں خواتین ووٹرز کو پریشانی

9.20: کراچی کے این اے250 بفرزون میں خواتین ووٹرز کو پریشانی کا سامنا ہے ، کے بی سی سی اسکول ، خواتین کا پولنگ بوتھ نمبر108 موجود نہ ہونے کا انکشاف سامنے ایا ، پولنگ اسٹیشن میں ووٹر ڈالنے آنے والی کئی خواتین کو مایوس لوٹنا پڑا۔

کوٹ رادھا کشن : این اے 132 پولنگ اسٹیشن نمبر 130 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی

9:24 : کوٹ رادھا کشن این اے 132 پولنگ اسٹیشن نمبر 130 میں پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

صفدر آباد : پی پی 144 میں خانقاہ ڈوگراں میں پولنگ سست روی کا شکار.

9:27 : صفدر آباد میں پی پی 144 میں خانقاہ ڈوگراں میں پولنگ سست روی کا شکار ہے ، متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا آغاز 45 منٹ تاخیر سے ہوا۔

ایم کیوایم امیدوارآسیہ اسحاق نے ووٹ کاسٹ کردیا

کراچی کے این اے 232 میں ایم کیوایم امیدوارآسیہ اسحاق نے ووٹ کاسٹ کردیا۔

این اے 46 اسلام آباد: مرتضیٰ سولنگی نے ووٹ کاسٹ کردیا

نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے حلقے این اے ایک سو چھیالیس میں ووٹ کاسٹ کردیا اور کہا ووٹ ڈالنا قومی فریضہ ہے ، ملک کے جمہوری مستقبل کا انحصار ووٹ پر ہے، شہری گھرروں سے نکل کر ووٹ کاسٹ کریں۔

لودھراں: این اے 155 میں پی پی 227 میں پولنگ تاخیر کا شکار

لودھراں کے این اے 155 میں پی پی 227 میں پولنگ تاخیر کا شکار ہے ، حویلی نصیرخان پولنگ اسٹیشن نمبر107اور112میں ووٹنگ شروع نہ ہوسکی۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنا ووٹ ڈال دیا

 

9:34: ڈیرہ اسماعیل خان مین مولانا فضل الرحمان ووٹ ڈالنےپہنچے اور این اے 44 میں مولانا فضل الرحمان نے ووٹ ڈال دیا۔

راولپنڈی : این اے 57 میں خواتین ووٹرزکومشکلات

راولپنڈی کے این اے 57 میں خواتین ووٹرزکومشکلات کا سامنا ہے ، خواتین کیلئے پولنگ اسٹیشنزواضح نہیں۔

نوشہروفیروز کے این اے 206: پولنگ اسٹیشن نمبر4 پر ووٹنگ شروع نہ ہوسکی

نوشہروفیروز کے این اے 206 میں پڈعیدن کے پولنگ اسٹیشن نمبر4 پر ووٹنگ شروع نہ ہوسکی ، ڈیڑھ گھنٹہ گزرجانے کے باوجود انتخابی عمل تاخیر کا شکار ہے اور ووٹرز منتظر ہیں۔

فاروق ستار نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا

9.38 : کراچی میں ایم کیوایم رہنما فاروق ستار نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر نے ووٹ کاسٹ کردیا

9.39 :این اے 129 میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر نے ووٹ کاسٹ کردیا۔

صوابی : موبائل سروس بندش سے متعدد پولنگ اسٹیشنز میں ووٹنگ تاخیر کا شکار

9.42: صوابی میں موبائل سروس بندش سے متعدد پولنگ اسٹیشنز میں ووٹنگ تاخیرکاشکار ہے ، متعددخواتین پولنگ اسٹیشنوں میں ابھی تک پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا۔

ہنگو کے بھی مختلف علاقوں میں پولنگ تاخیر سے شروع ہوا۔

چمن : خواتین پولنگ اسٹیشن میں عملہ غیرحاضر، پولنگ تاحال شروع نہ ہوسکی

9.42: چمن میں کسٹم ہاؤس بازار کے خواتین پولنگ اسٹیشن میں عملہ غیرحاضر ہیں ، عملےکی غیرحاضری کےباعث پولنگ تاحال شروع نہ ہوسکی، ڈی آراوراجہ اطہرعباس کا کہنا ہے کہ متبادل انتظامات کررہےہیں۔

کوئٹہ : خواتین پولنگ اسٹیشن پرپولنگ تاخیر کا شکار

9.48: کوئٹہ میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کےانتظامات نامکمل ہیں ، جس کے باعث خواتین پولنگ اسٹیشن پرپولنگ تاخیر کا شکار ہے۔

لاہور این اے 122 اور این اے 130 میں ووٹرز کی لمبی لائنیں

10.06: لاہور کے این اے 122 میں متعددپولنگ اسٹیشنز پر خواتین اور مرد ووٹرز کی لمبی لائنیں لگ گئیں، این ا ے122میں لطیف کھوسہ اور سعد رفیق مدمقابل ہیں۔

لاہور کے این اے130 میں پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹرزکی بڑی تعداد موجود ہیں، لاہور این اے130میں نوازشریف اوریاسمین راشد مدمقابل ہیں۔

کراچی :متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ شروع نہ ہوسکی

10.10 : کراچی کے این اے 237 کے متعددپولنگ اسٹیشنزپرپولنگ شروع نہ ہوسکی ، پولنگ اسٹیشنزکےباہرووٹرزکی قطاریں لگ گئیں تاہم این اے237میں انتخابی عملے کے پاس سامان موجودنہیں۔

10.13 : این اے 234 کراچی میں پولنگ میں دشواری کا سامنا ہے ، پولنگ اسٹیشن 168 پر ووٹرزکی بڑی تعداد موجود ہیں ، انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے باعث ووٹوں کی نشاندہی اور رہنمائی میں مشکلات ہورہی ہے۔

10.18: کراچی کے ضلع غربی میں این اے 245 پولنگ اسٹیشن نمبر 20میں تاحال پولنگ شروع نہ ہوسکی ، گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج میں پولنگ اسٹاف تاخیر سے پہنچا ، شہری پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹ ڈالنےکیلئے موجود ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ پولنگ کا عمل انتظامات مکمل ہوتے ہی شروع کردیا جائے گا۔

کراچی میں این اے 236 میں بھی پولنگ کا عمل تاحال شروع نہ ہوسکا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *