News4

بھارت جوڑو نیا ئے یاترا دھنباد میں دوبارہ شروع

راہول گاندھی کی دیوگھر کے بابا بیدیا ناتھ دھام میں پوجا، قبائلیوں کے حق کیلئے لڑنے کا عزم

دھنباد (جھارکھنڈ) : کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے جھارکھنڈ میں اپنی بھارت جوڑو نیا یاترا کے دوسرے دن دیوگھر میں بابا بیدیا ناتھ دھام کا دورہ کیا۔ یاترا ہفتہ کو ضلع کے ٹنڈی بلاک میں ایک رات قیام کے بعد اتوار کو دھنباد شہر کے گووند پور میں دوبارہ شروع ہوئی۔راہول گاندھی نے ہفتہ کو دیوگھر کے بابا بیدناتھ دھام میں پوجا کرتے ہوئے رسومات ادا کیں۔ ‘بھارت جوڑو نیا یاترا’ جھارکھنڈ میں تیسرے دن 4 فروری کو دھنباد سے دوبارہ شروع ہوئی۔ راہول گاندھی نے مقامی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ وہ قبائیلیوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کریں گے۔ کانگریس ایم پی جے رام رمیش نے کہا کہ آج ہم دھنباد میں ہیں اور بوکارو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بوکارو ایک فولادی شہر ہے۔یہ وہ یادگاریں ہیں جو سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے بنوائی تھیں۔ جب لوگ کہتے ہیں کہ ہم نے 70 سالوں میں کیا کیا تو بتادیں کہ بھیلائی، رورکیلا، درگاپور، بھاکڑا ننگل، بوکارو، دھنباد، براونی، سندھری وغیرہ یہ سب ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی یادگار ہیں۔ جھارکھنڈ کانگریس کے نائب صدر برجیندر پرساد سنگھ نے کہا کہ گووند پور سے شروع ہونے والی یاترا سرائی ڈھیلا، آئی آئی ٹی۔آئی ایس ایم گیٹ، رندھیر ورما چوک، ریلوے اسٹیشن کے قریب شرمک چوک سے ہوتی ہوئی بینک مور پہنچے گی جہاں وہ ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔اس کے بعد یہ قافلہ بوکارو سٹیل سٹی کی طرف بڑھے گا۔ اتوار کو رام گڑھ ضلع میں گاندھی کا نائٹ ہالٹ مقرر ہے۔یہ یاترا 804 کلومیٹر کا سفر کرے گی جس میں ریاست کے 13 اضلاع کو دو مرحلوں میں آٹھ دنوں میں شامل کیا جائے گا۔مجموعی طور پر یہ 67 دنوں میں 6,713 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گا۔ 15 ریاستوں کے 110 اضلاع سے ہوتی ہوئی یاترا 20 مارچ کو ممبئی میں اختتام پذیر ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *