News4

بی جے پی نے نوجوانوںاور غریبوں کیساتھ ناانصافی کی: راہول

رانچی: راہول گاندھی کی قیادت میں جاری کانگریس کی بھارت جوڑو نیائے یاترا فی الحال جھارکھنڈ میں ہے جہاں یاترا کا والہانہ استقبال کیا گیا اور لوگ راہول گاندھی کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے قرار نظر آئے۔ جھارکھنڈ میں آج اس یاترا کا دوسرا دن ہے۔گوڈا میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی ملک میں نفرت پھیلانے کا کام کر رہی ہے اور وہ لوگوں کو متحد کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ ملک میں نوجوانوں، کسانوں اور کمزور طبقات کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی ملک میں نفرت پھیلا رہی ہے۔ اس یاترا کا مقصد اس نفرت کو ختم کرنا ہے۔ ہم سب کو متحد کرنا چاہتے ہیں۔ بی جے پی ایک ذات کو دوسری ذات سے لڑا رہی ہے، ایک مذہب کو دوسرے مذہب سے لڑانے کا کام کررہی ہے اور ہم یہاں سب کو متحد کرنے کے لیے آئے ہیں۔ ملک بھر میں غریب اور کمزور طبقات کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ نوجوانوں اور کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ اڈانی کے معاملے پر حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے راہول نے کہا کہ اگر ہندوستان میں اڈانی کا نام لیا جائے تو لوگ چند ہی سیکنڈوں میں سمجھ جاتے ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی ان کا سرمایہ ہیں! ہم نے لینڈ ٹریبونل بل پیش کیا تھا لیکن وزیر اعظم مودی نے اسے منسوخ کر دیا۔
ملک میں اڈانی کو انصاف مل رہا ہے اور باقی لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔راہول گاندھی کی نیائے یاترا جمعہ کو پہلی بار جھارکھنڈ میں داخل ہوئی۔ اس دوران ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی پر جھارکھنڈ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بی جے پی نے ایسا کرنے کی کوشش کی لیکن انڈیا اتحاد اس کے خلاف کھڑا ہوا اور تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ اس موقع پر جھارکھنڈ کے نئے وزیر اعلی چمپئی سورین بھی راہول کے ساتھ نظر آئے۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ اگرچہ بی جے پی کے پاس طاقت اور پیسہ ہے لیکن کانگریس ان چیزوں سے نہیں ڈرتی۔ ہماری لڑائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بڑے پیمانے پر لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے اور عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری سے عاجز آ چکے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *