News4

جوابی حملہ کئی ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے :امریکہ

واشنگٹن: امریکہ، اپنے 3 فوجیوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے ڈرون حملے کا جواب دینے کی تیاریاں کر رہا ہے ۔ جوابی حملہ کئی ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے ۔نام کو پوشیدہ رکھتے ہوئے این بی سی نیوز کے لئے انٹرویو میں امریکی حکام نے کہا ہے کہ ہم اپنے اہداف پر کام کر رہے ہیں۔ بائڈن انتظامیہ نے ابھی اپنے اہداف کو حتمی شکل نہیں دی لیکن یہ طے ہے کہ جوابی حملہ کئی ہفتے پر مشتمل ایک ’مُہم‘ہو گا۔شناخت کو پوشیدہ رکھ کر معلومات فراہم کرنے والے امریکی حکام نے کہا ہے کہ جن اہداف پر غور کیا جا رہا ہے توقع ہے کہ وہ ایران سے باہر لیکن ایران سے منسلک اہداف ہوں گے ۔ جوابی حملے کی مُہم، حملوں کے ساتھ ساتھ، سائبر آپریشنوں پر بھی مشتمل ہو گی۔امریکہ وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو مِلّر نے بھی کہا تھا کہ صدر بائڈن نے جوابی حملے کا لائحہ عمل تیار کر لیا ہے ۔ ہمارا مقصد علاقائی تناو میں اضافہ کرنا نہیں ہے ۔اس دوران امریکہ انتظامیہ نے بیس پر حملے کے ذمہ داروں کے بارے میں پہلی دفعہ کسی تنظیم کا ذکر کیا ہے ۔وائٹ ہاؤس قومی سلامتی کے اسٹریٹجک رابطہ افسر جان کربی نے کہا ہے کہ حملے کا منصوبہ عراق میں سرگرم’’اسلامی مزاحمت‘‘نامی تنظیم نے تیار کیا اور اسی تنظیم نے یہ حملہ کروایا ہے ۔

الیکشن سے قبل پاکستان میں پٹرول، ڈیزل کی قیمت میں اضافہ
اسلام آباد: پاکستان کی حکومت نے عام انتخابات سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 13 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا ہے ۔ڈان کی رپورٹ کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل پاکستانی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات بالخصوص پیٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیا ہے ۔ وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 55 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 272 روپے 89 پیسے مقرر کر دی گئی ہے ۔اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے 75 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 278 روپے 96 پیسے ہو گئی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *