News4

حج 2024 کیلئے تلنگانہ کو 7811 عازمین کا کوٹہ الاٹ، آج قرعہ اندازی

آندھرا پردیش کو 2902 عازمین کی منظوری، سی ای او حج کمیٹی آف انڈیا کا بیان

حیدرآباد۔/28 جنوری، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے ملک کی تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کیلئے حج 2024 کا کوٹہ الاٹ کردیا ہے۔ ریاستوں میں مسلمانوں کی آبادی کے حساب سے حج کوٹہ الاٹ کیا جاتا ہے۔ تلنگانہ کیلئے7811 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا ہے جبکہ 3502 تک ویٹنگ لسٹ کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ آندھرا پردیش کیلئے 2902 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے مردم شماری 2011 کے تحت ریاستوں میں مسلم آبادی کے حساب سے 32 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے کوٹہ کو قطعیت دی ہے۔ گذشتہ سال کے مقابلہ تلنگانہ کو اس مرتبہ زائد کوٹہ الاٹ کیا گیا۔ تلنگانہ میں 11313 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ کے تحت 376 اور مَحرم کے بغیر حج کی ادائیگی کیلئے 130 درخواستیں داخل کی گئیں۔ عام زمرہ کی درخواستوں کی تعداد 10807 ہے۔ اسی دوران حج 2024 کے خوش نصیب عازمین کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی کل 29 جنوری کو صبح 11 بجے نئی دہلی میں مقرر ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا لیاقت علی آفاقی کے بموجب نئی دہلی کے دین دیال انتودیا بھون، لودھی روڈ میں قرعہ اندازی ہوگی۔ آن لائن قرعہ اندازی کے ذریعہ تمام ریاستوں کے عازمین حج کا انتخاب ہوگا اور منتخب عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی جائے گی۔ منتخب عازمین اور ویٹنگ لسٹ کی تفصیلات حج کمیٹی آف انڈیا کے پورٹل پر دستیاب رہیں گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین کی سہولت کیلئے حج ہاوز نامپلی میں ڈسپلے بورڈ کا انتظام کیا ہے جہاں منتخب عازمین کے کور نمبرس پیش کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ جاریہ سال حج کمیٹی آف انڈیا کا مکمل کوٹہ 140020 ہے اور 466 خادم الحجاج ہندوستان سے روانہ ہوں گے۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ ریاستوں میں139554 نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔1

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *