News4

حیدرآباد و ایران کے درمیان مضبوط تہذیبی و ثقافتی رشتے: سریدھر بابو

اسلامی انقلاب کی یادگار تقریب، سالار جنگ میوزیم میں آج سے 4 روزہ خوشنویسی نمائش، عامر علی خاں افتتاح کریں گے
حیدرآباد۔/11 فروری، ( سیاست نیوز) ایران میں اسلامی انقلاب کے 45 سال کی تکمیل کے موقع پر ایرانی قونصلیٹ حیدرآباد میں تقریب منعقد ہوئی۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو، نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں ایم ایل سی اور قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد آغا مہدی شاہ رخی کے علاوہ دیگر معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب میں سریدھر بابو نے ہندوستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات اور خاص طور پر حیدرآباد سے ایران کے تہذیبی اور ثقافتی روابط کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں آج بھی ایرانی چائے ہر خاص و عام کیلئے مقبول ہے۔ انہوں نے ایران اور تلنگانہ کے درمیان تجارتی اور ثقافتی رشتوں کے استحکام کیلئے ہر ممکن تعاون کا حکومت کی جانب سے یقین دلایا۔ جناب عامر علی خاں نے اسلامی انقلاب کے 45 سال کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ قونصل جنرل مہدی شاہ رخی نے کہا کہ ایران کی ایک طویل اور زرخیز تاریخ ہے جس کی دنیا میں منفرد شناخت ہے۔ ایران کی قوم کیلئے 11 فروری عظیم اور ناقابل فراموش دن ہے۔ ایرانی تہذیب و ثقافت کو ہندوستانی سماج میں متعارف کرنے حیدرآباد میں خصوصی پروگرام منعقد کیا جائیگا۔ سریدھر بابو نے ایران کی خطاطی کی نمائش کا افتتاح کیا۔ قونصلیٹ کی جانب سے 12 فروری کو سالار جنگ میوزیم میں خطاطی کی نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ یہ نمائش روز نامہ سیاست کے اشتراک سے ہورہی ہے۔ خطاطی اور خوشنویسی کی چار روزہ نمائش کا سہ پہر 4 بجے جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست افتتاح کرینگے۔ ثقافتی پروگرام کا دوسرا حصہ 16 تا 25 فروری ہوٹل پارک میں فوڈ فیسٹول کے طور پر رہے گا۔ 19 فروری کو آخری پروگرام فیشن شو کا اہتمام کیا جائیگا ۔ 12 تا 15 فروری سالار جنگ میوزیم میں خوشنویسی نمائش میں ایرانی فنکار مہدی ایرانی و مرجان ملتی کے علاوہ حیدرآباد کے غوث ارسلان، محمد رفیع اور سید موسیٰ کے فن پاروں کی نمائش رہے گی۔ داخلہ کی عام اجازت ہوگی۔1

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *