News4

شراب اسکام میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے سمن کو سپریم کورٹ میں چیلنج

حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری(سیاست نیوز) نئی دہلی کے شراب اسکام میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے بی آر ایس رکن کونسل کویتا کو سمن کی اجرائی کے خلاف دائر کردہ اپیل پر آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ کویتا نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس اور سمن کو چیلنج کیا ہے۔ نامور وکیل کپل سبل نے کویتا کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے عدالت سے عاجلانہ سماعت کی اپیل کی۔ عدالت نے شراب اسکام سے متعلق دیگر مقدمات میں دیئے گئے فیصلوں کا جائزہ لینے کے لئے آئندہ سماعت کو 16 فروری تک ملتوی کردیا۔ عدالت نے نلنی چدمبرم اور ابھیشک بنرجی مقدمات کو بھی یکجا طورپر سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے وکیل نے عدالت سے شکایت کی کہ کویتا ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ سمن کا احترام نہیں کر رہی ہیں اور تحقیقات کے لئے حاضر ہونے سے گریز کر رہی ہیں۔ کپل سبل نے کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے ، لہذا انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو سمن کی اجرائی سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس غیر قانونی ہے ۔ جسٹس بی ایم ترویدی اور جسٹس پنکج متل پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے تمام پہلوؤں کا 16 فروری کو جائزہ لینے کا تیقن دیا۔ کویتا کے وکیل کا کہنا تھا کہ خواتین کو اس طرح سمن جاری کرتے ہوئے طلب کرنا مناسب نہیں ہے۔ واضح رہے کہ دہلی شراب اسکام کے معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے حال ہی میں کویتا کو سمن جاری کیا ہے ۔ 1

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *