عام انتخابات کیلیے 7 لاکھ بیلٹ باکس کا انتظام مکمل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کیلیے 7 لاکھ بیلٹ باکس کا انتظام مکمل کر لیا۔

الیکشن کمیشن سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر میں 2 لاکھ 76 ہزار سے زائد بولنگ بوتھ قائم کیے جا رہے ہیں، بوتھ کیلیے دو بیلٹ باکس فراہم کیے جائیں گے، بوتھ پر 1 بیلٹ باکس میں قومی جبکہ دوسرے میں صوبائی اسمبلی کیلیے ووٹ ڈالے جا سکیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ 2 پولنگ بوتھ پر 5 بیلٹ باکس فراہم کیے جائیں گے جس میں سے ایک اضافی ریزرو باکس ہوگا، ملک بھر میں ووٹ کاسٹ کیلیے 5 لاکھ 52 ہزار بیلٹ باکس استعمال ہوں گے، تقریباً ڈیڑھ لاکھ بیلٹ باکس ریزرو رکھے گئے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ زیادہ تر بیلٹ باکس پہلے سے موجود تھے محدود تعداد میں نئے باکس خریدے گئے، الیکشن میں سبز ڈھکنے والا سفید بیلٹ باکس استعمال کیا جائے گا، بیلٹ باکس پر 4 سیل لگائی جائیں گی اور ہر سیل پر الگ نمبر درج ہوگا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن میں 60 لیٹر کا نیم شفاف پلاسٹک کا بیلٹ باکس استعمال کیا جا رہا ہے، بیلٹ باکس اعلیٰ معیار کے پولی پروپیلین مواد سے بنایا گیا ہے، ہر بیلٹ باکس پر الیکشن کمیشن کا لوگو پرنٹ ہوگا، باکس بھر جانے پر دوسرا بیلٹ باکس فراہم کیا جائے گا۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق 2018 میں 146.48 ملین روپے سے زائد کے بیلٹ باکس خریدے گئے، 2018 میں 87 ہزار 77 بیلٹ باکس کی کمی تھی مگر 2 لاکھ 2 ہزار 239 باکس خریدے گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *