قومی اسمبلی کی 265 نشستوں میں سے 257 کے نتائج جاری، پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کی سبقت

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 265 جنرل نشستوں میں سے 257 کے نتائج جاری کر دیے ہیں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 95 آزاد امیدوار کامیاب ہو گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 265 جنرل نشستوں میں سے اب تک 257 نشستوں کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔ سات نشستوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ اب تک پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں نے سب سے زیادہ 95 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن 78 نشستوں کےس اتھ دوسری جب کہ پی پی 54 نشستوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ پرویز الہٰی کی اہلیہ اور این اے 64 سے ناکام امیدوار قیصرہ الہٰی کی درخواست پر مذکورہ حلقے کا حتمی نتیجہ روک دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے اب تک قومی اسمبلی کی 78 نشستیں حاصل کی ہیں۔ پیپلز پارٹی 54 نشستیں اپنے نام کر چکی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے 17، جے یو آئی (ف) نے 3 جب کہ استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم  لیگ ق نے 2، دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

ان کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ضیا)، مجلس وحدت مسلمین اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے قومی اسمبلی کی ایک ایک نشست حاصل کر رکھی ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے 64 گجرات سے پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار قیصرہ الہٰی کی درخواست پر حتمی نتیجہ روکتے ہوئے چوہدری سالک حسین کو 15 فروری کو طلب کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے قیصرہ الہٰی کی درخواست پر متعلقہ آر او سے جواب مانگ لیا ہے اور ریٹرننگ افسر کو قیصرہ الٰہی یا ان کے وکیل کی موجودگی میں فارم 47 تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

اب تک کے نتائج کے مطابق کوئی بھی جماعت حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت لینے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *