News4

مارچ کے دوسرے ہفتے میں پارلیمانی انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی متوقع

آئندہ چند دنوں میں متعلقہ حکام کے مختلف ریاستوں کے دورے ۔ اسمبلی انتخابات والی ریاستوں پر خاص توجہ
حیدرآباد۔11فروری(سیاست نیوز) ملک میں عام انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں عمل میں آئے گی!الیکشن کمیشن کی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے کہا جار ہاہے کہ پارلیمانی انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی آئندہ ماہ عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔ 2019 کے عام انتخابات کے طرز پر ہی 2024 عام انتخابات کے مرحلہ وار انداز میں رائے دہی کا امکان ہے۔عام انتخابات سے قبل تیاریوں کا جائزہ لینے الیکشن کمیشن سے ملک کی تمام ریاستوں کا دورہ کرکے صورتحال سے آگہی اور تیاریوں کے متعلق ہدایات جاری کی جاتی ہیں اور اب تک الیکشن کمیشن سے محض آندھراپردیش کے علاوہ ملک میں کسی ریاست کا دورہ نہیں کیا گیا ۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق فروری کے دوسرے ہفتہ میں کمیشن ذمہ داران اوڈیشہ کا دورہ کرنے والے ہیں اور اس دورہ کے بعد جنوبی ریاستوں ٹاملناڈو‘ کرناٹک‘ کیرالا کے بعد بہار‘ مغربی بنگال و اترپردیش کا دورہ کیا جانا ہے۔الیکشن کمیشن کے ان دوروں کے بعد کہا جا رہاہے کہ کمیشن کے سربراہ اور اراکین جموں و کشمیر کے علاوہ لداخ کا بھی دورہ کرنے کے بعد عام انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ الیکشن کمیشن کی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ ماہ مارچ کے وسط سے ملک بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگا اور ماہ مئی کے اوائل تک انتخابی سرگرمیوں کو مکمل کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کمیشن نے فیصلہ کیا کہ بیشتر ریاستوں کے دورہ کے بعد جموں و کشمیر کے دورہ سے قبل مرکزی وزارت داخلہ عہدیداروں سے ملاقات کرکے آگہی حاصل کی جائیگی ۔ کمیشن سے ان ریاستوں پر توجہ کی جا رہی ہے جن میں عام انتخابات کے ساتھ اسمبلی کے انتخابات بھی منعقد ہونے ہیں۔سیاسی ماہرین کا کہناہے کہ الیکشن کمیشن کے دوروں سے قبل ہی ایک الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے کی معیاد مکمل ہوجائے گی اور ان کی جگہ نئے الیکشن کمشنر کے انتخاب کیلئے اجلاس منعقد ہونا ہے ۔اگر اس الیکشن کمشنر کا انتخاب نہیں ہواتو چیف الیکشن کمشنر راجیو کماراور ارون کمار گوئل الیکشن کمشنر کی صورت میں دو رکنی کمیشن رہ جائے گا ۔3

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *