News4

نظام شوگر فیکٹری کے احیاء کیلئے جامع رپورٹ پیش کی جائے

کابینی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد۔4۔فروری(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے نظام شوگر فیکٹری کے احیاکیلئے تشکیل دی گئی کابینی ذیلی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں صدرنشین کمیٹی سریدھر بابو کو ہدایت دی کہ وہ نظام شوگر فیکٹری کی بحالی کیلئیجامع رپورٹ تیار کرکے حکومت کو پیش کریں ۔ کابینی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں کمیٹی صدر نشین ڈی سریدھر بابو کے علاوہ اراکین دامودر راج نرسمہا‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ جیون ریڈی ‘ اے سدرشن ریڈی ‘ روہت راؤ ‘ اے لکشمن کمار‘ اے اے چندر شیکھر و متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداران موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے بودھن اور متیم پیٹ میں بند نظام شوگر فیکٹریز کے بقایاجات اور مالی مشکلات کے متعلق آگہی حاصل کرکے ان کے احیاء کیلئے تجاویز طلب کی ہیں اور کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کو بھی حل کرنے کی ضرورت ہے اور اگر ان مسائل کو حل کیا جاتا ہے تو نظام شوگر فیکٹری کو دوبارہ کارکرد بنایا جاسکتا ہے ۔ چیف منسٹر نے کمیٹی میں شامل تمام ذمہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ تفصیلی رپورٹ کی تیاری کے بعد حکومت کو منصوبہ پیش کریں اور منصوبہ کے مطابق حکومت سے نظام شوگر فیکٹری کے احیاء کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کمیٹی کو درکار تمام تفصیلات کی فراہمی کے ساتھ مثبت تجاویز پیش کریں تاکہ معینہ مدت میں رپورٹ کی تیاری اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا جاسکے۔3

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *