News4

کاغذ نگر جنگلاتی علاقہ میں شیروں کے تحفظ پر توجہ

وائلڈ لائیف راہداری کی تشکیل ، مہاراشٹرا سے شیروں کا نقل مقام
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری(سیاست نیوز) کاغذ نگر ضلع عادل آباد کے جنگلاتی علاقہ کو وائلڈ لائیف راہداری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وائلڈ لائیف بورڈ کے اجلاس میں کاغذ نگر کی جنگلاتی راہداری کے تحفظ کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ وائلڈ لائیف راہداری کی تشکیل کے ذریعہ جنگلی جانوروں کا تحفظ کیا جاسکتا ہے ۔ سینئر فاریسٹ آفیسر کے مطابق کاغذ نگر کا جنگلاتی علاقہ شیروں کی موجودگی کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ مہاراشٹرا کے تڈوبا فاریسٹ ریزرو سے شیر کاغذ نگر فاریسٹ ڈیویژن منتقل ہورہے ہیں۔ پراناہیتا ندی کو عبور کرتے ہوئے مہاراشٹرا سے شیر تلنگانہ کا رخ کر رہے ہیں۔ کاغذ نگر کے جنگلاتی علاقوں میں شیروں کی تعداد دوگنی ہوچکی ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق جنگلاتی علاقہ میں آبادی میں اضافہ کے سبب مہاراشٹرا سے شیر تلنگانہ کا رخ کر رہے ہیں۔ حکومت نے جنگلاتی علاقہ میں غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شیر اور دیگر جنگلی جانوروں کا تحفظ ہو۔ کسانوں کے مویشیوں کو نقصان سے بچانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ حالیہ عرصہ میں دو واقعات میں دو علحدہ شیروں کی موت واقع ہوئی ۔ حکام نے لاپتہ شیروں کا پتہ چلانے مساعی کی ہے اور تاحال ایک مادہ شیر کے بشمول 4 شیر کے بچوں کا پتہ چلایا گیا ۔ حکام کے مطابق ٹائیگر ریزرو علاقہ میں تھری فیس برقی کنکشن کے نتیجہ میں غیر قانونی شکار اور لکڑی کے سرقہ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ جنگلاتی علاقہ کے عوام کو کاشت کیلئے متبادل اراضی فراہم کی جارہی ہے تاکہ ریزرو علاقہ میں انسانی موجودگی کو کم کیا جائے۔ آبادی کی موجودگی سے بسا اوقات شیروں کے حملہ کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ 1

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *