News4

کانگریس کی مزید 2 ضمانتوں پر عمل کا کسی بھی وقت اعلان متوقع

200 یونٹ مفت برقی، 500 روپئے گیس سلینڈر اور اندراماں مکانات کی اسکیم کا جائزہ ‘ چیف منسٹر کا اجلاس
حیدرآباد۔یکم فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پرجا پالنا پروگرام کے تحت موصول ہوئی درخواستوں کا سکریٹریٹ میں کابینی سب کمیٹی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مختلف امور کا جائزہ لیا ۔ 6 گیارنٹی کے منجملہ مزید 3 گیارنٹی پر عمل کی حکمت عملی تیار کرنے اور اس کیلئے درکار بجٹ تجاویز تیار کرتے ہوئے حکومت کو روانہ کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا۔ تلنگانہ کے اسمبلی بجٹ سیشن میں ان اسکیمات کیلئے بجٹ مختص کرنے کا تیقن دیا۔ اس اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارک، وزیر اتم کمار ریڈی، ڈی سریدھر بابو، پی سرینواس ریڈی کے ساتھ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ جائزہ اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پرجا پالنا پروگرام کے دوران جو درخواستیں وصول ہوئی ہیں اس کا احتیاط سے جائزہ لیں، ڈوپلیکیٹ درخواستوں کو نکال دیں، چند غلطیوں کی وجہ سے اہل افراد کو اسکیمات سے محروم نہ کرنے پر زور دیا ہے ۔ واضح رہے کہ پرجا پالنا پروگرام کے دوران 5 گیارنٹیز کیلئے جملہ 1,09,01,255 درخواستیں وصول ہوئیں ان درخواستوں کی ڈاٹا انٹری کا عمل 12 جنوری کو مکمل ہوگیا ہے۔ ان تمام درخواستوں میں 2.82 لاکھ درخواستیں ڈوپلیکیٹ ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ راشن کارڈ، آدھار کارڈس کے نمبرات کے بغیر اور ساتھ ہی درخواستوں میں نمبرات کے غلط اندراج ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جس کے پیش نظر اہل افراد اسکیمات سے محروم نہ ہوجائیں لہذا درخواستوں کی دوبارہ جانچ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ان میں 2 گیارنٹی پر فوری عمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک گیارنٹی پر عمل آوری کیلئے اخراجات کیا ہوں گے اور کتنے افراد کو اس سے فائدہ ہوگا عہدیداروں سے اس کی تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ اس بجٹ سیشن میں ان اسکیمات پر عمل آوری کیلئے بجٹ مختص کرنے کا محکمہ فینانس کو مشورہ دیا گیا ہے۔ اسمبلی بجٹ سیشن سے قبل کابینی سب کمیٹی کا ایک اور اجلاس طلب کرتے ہوئے قطعی فیصلہ کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی 2 فبروری کو اندراولی کا دورہ کررہے ہیں جہاں جلسہ سے خطاب کریں گے۔ اس جلسہ میںان اسکیمات پر عمل کا اعلان کرنے کا امکان ہے۔2
شہر میںفرانس کے قونصل خانہ کا جلد قیام : سفیر
حیدرآباد۔ یکم فروری(سیاست نیوز) حیدرآباد میں فرانس کا قونصل خانہ کا جلد قیام عمل میں لایا جائیگا اور اس کے افتتاح کیلئے سفیر فرانس متعینہ ہند شہرکا دورہ کریں گے۔ قونصل جنرل فرانس متعینہ بنگلورو تھیری بیرتھیلوٹ نے وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو سے ملاقات کرکے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں جلد ہی قونصل خانہ میں کام کاج کا آغاز کردیا جائے گا۔ سریدھر بابو نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے واقف کروایا اور کہا کہ دیگر ریاستوں سے بہتر صنعتی ماحول تلنگانہ میںموجود ہے۔ وزیر نے فرانس کے قونصل جنرل کو بتایا کہ ریاست میں جلد ہی مصنوعی ذہانت پر عالمی چوٹی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ 3

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *