News4

گاڑیوں کے نمبر پر TS کی جگہ TG کو منظوری

آر ٹی اے کی جانب سے عنقریب رہنمایانہ خطوط کی اجرائی
حیدرآباد۔7۔فروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے گاڑیوں کے نمبر پلیٹ پر TS کی جگہ TGاستعمال کرنے کے فیصلہ کو منظوری دیئے جانے کے بعد تمام نئی گاڑیوں کے نمبر پلیٹ پر اب TG سے نمبر کا آغاز ہوگا اس سلسلہ میں محکمہ آرٹی اے کی جانب سے جلد ہی رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق تحریک تلنگانہ کے دوران تلنگانہ جہدکاروں نے تلنگانہ کے لئے TGکا استعمال کیا تھا لیکن علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست میں اقتدار حاصل کرنے والی TRS حکومت نے TGکے بجائے TS کو اختیار کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے مخفف سے Rکی کمی کے ساتھ TS استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی ۔10 سال بعد تلنگانہ میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد کانگریس نے اقتدا ر حاصل کرتے ہوئے ریاست میں دوبارہ TG کے استعمال کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے جسے کابینہ کی منظوری حاصل ہوچکی ہے ۔ریاستی کابینہ کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے بعد اب تلنگانہ میں APاور TS کے بعد TG نمبر پلیٹ والی گاڑیاں نظر آئیں گی۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی کابینہ کے اس فیصلہ کو مرکزی حکومت کور وانہ کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے مخفف کے طور پر مستقبل میں TS کے بجائے TGاستعمال کرنے کے احکام کی اجرائی کی خواہش کی جائے گی اس سلسلہ میں محکمہ آر ٹی اے کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے متعلق کہا جا رہاہے کہ سابق میں ہندوستان میں اس طرح کی صورتحال اتراکھنڈ میں پیدا ہوئی تھی جہاں علحدہ ریاست تشکیل دیئے جانے کے بعد گاڑی کی نمبر پلیٹ UPسے بدل کر UA کردی گئی تھی اور اترپردیش سے علحدہ ہونے والی ریاست کو اترانچل کہا جا رہا تھا لیکن بعد میں اسے اتراکھنڈ کا نام دیئے جانے کے بعد یہاں گاڑیوں کے نمبر پلیٹ کو UK سے شروع کیا جانے لگا اور اتراکھنڈ کے مخفف کے طور پر UK کا استعمال شروع کیا جاچکا ہے۔اسی طرح اب تلنگانہ جو کہ آندھراپردیش کا حصہ تھا اسی لئے تلنگانہ میں APکے نمبر پلیٹ ہوا کرتے تھے لیکن 2014 میں علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے ریاست میںTS نمبر پلیٹ استعمال کیا جانے لگا اور اب ریاستی کابینہ کے فیصلہ کے بعد تمام نئے رجسٹریشن والی گاڑیوں کے نمبر کا آغاز TG سے ہوگا اور اس کا اطلاق نئی گاڑیوں پر ہونے کا امکان ہے۔3

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *