News4

گورنر کیرالا عارف محمد خان کا سڑک پر دھرنا

تھرواننتا پورم : کیرالا کے گورنر عارف محمد خان نے ہفتہ کے روز پولیس افسران پر قانون کی پیروی نہ کرنے کا الزام لگایا اور ریاستی دارالحکومت سے تقریباً 60 کلومیٹر دور نیلامیل میں سڑک پر احتجاج کی قیادت کی۔ خان یہاں سے تقریباً 70 کلومیٹر دور ایک پروگرام میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔ جب ان کا قافلہ نیلا میل پہنچا تو ایس ایف آئی کے تقریباً دو درجن طلباء سڑک کے کنارے کھڑے سیاہ جھنڈے لہرا رہے تھے اور نعرے لگا رہے تھے۔یہ دیکھ کر خان نے اپنی گاڑی روکی اور پولیس کے خلاف غصے کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرین کی طرف چل پڑے۔ اس کے بعد وہ ایک کرسی پر بیٹھ گئے، جو سڑک کے کنارے چائے کے اسٹال سے لی گئی تھی، اور اپنے سکریٹری موہن سے کہا کہ وہ فوری طور پر پولیس کمشنر کو بلائیں۔ خان اس بات پر ناراض تھے کہ پولیس نے احتجاج کرنے والے ایس ایف آئی کارکنوں کو ان کے قافلے کے گزرنے سے پہلے گرفتار کیوں نہیں کیا۔خان نے پولیس حکام سے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ کے گزرنے کے دوران ایسی کوئی کارروائی ہوتی تو پولیس مظاہرین کو فوری طور پر گرفتار کرلیتی۔ خان نے اپنا موقف واضح کیا کہ جب تک مظاہرین کو حراست میں نہیں لیا جاتا وہ جگہ نہیں چھوڑیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *